• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ٹی آئی نے راجہ ریاض اور نور عالم سمیت 13 ارکان کو پارٹی سے نکال دیا

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف راجہ ریاض اور پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) کے چیئرمین نور عالم خان کو پارٹی سے نکال دیا۔

تحریک انصاف کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی نے راجہ ریاض، نور عالم سمیت مزید 13 ارکان کو پارٹی سے نکال دیا۔ رمیش کمار وانکوانی، نزہت پٹھان، وجیہہ قمر، سردار ریاض محمود خان مزاری کو پارٹی سے نکال دیا گیا۔

اعلامیے کے مطابق رانا محمد قاسم نون کی بھی پی ٹی آئی کی بنیادی رکنیت ختم کردی گئی، جبکہ نواب شیر، مخدوم زادہ سید باسط احمد سلطان، افضل خان ڈھانڈلہ، محمد عبدالغفار وٹو، عامر طلال گوپانگ اور احمد حسین دہر کو بھی پارٹی سے نکال دیا گیا۔

تحریک انصاف کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پارٹی چھوڑنے والوں کو برطرفی کے نوٹس جاری کیے گئے ہیں، تمام رہنماؤں کو کسی بھی طرح سے پارٹی کا نام اور عہدہ استعمال کرنے سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کےسیکریٹری جنرل عمر ایوب نے پارٹی پالیسی کی خلاف ورزی پر ملک شوکت کو بھی شوکاز نوٹس جاری کر دیا، سابق ایم پی اے خیبر پختونخوا ملک شوکت علی کو شوکاز نوٹس جاری کیا گیا ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ شوکت علی کو مجاز اتھارٹی کے علم میں لائے بغیر نئی پارٹی اجلاس میں شرکت پر شوکاز نوٹس جاری کیا گیا، پی ٹی آئی نے  شوکت علی سے دو دن کے اندر وضاحت طلب کرلی۔

قومی خبریں سے مزید