• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم شہباز شریف سے پاکستانی و امریکی کاروباری شخصیات کی ملاقات

وزیراعظم شہباز شریف سے معروف پاکستانی اور امریکی کاروباری شخصیات کے وفد نے ملاقات کی۔

وزیراعظم نے کامیاب اور متحرک پاکستانی امریکن کمیونٹی کے کردار اور تعاون کو سراہا۔

شہباز شریف نے کہا کہ امریکا میں مقیم پاکستانی ملکی سماجی و اقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں، پاک امریکا تعلقات کی مضبوطی کیلئے پاکستانیوں کی خدمات قابل تحسین ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان معدنیات کی دولت سے مالا مال ہے، پاکستان معاشی اعتبار سے خطے میں اہم جغرافیائی مقام پر واقع ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی آبادی کی اکثریت نوجوانوں پر مشتمل ہے، بیرون ملک مقیم پاکستانی ملک کا قیمتی سرمایہ ہیں۔

وزیراعظم نے وفد کو خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے بارے میں آگاہ کیا، خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل بیرونی سرمایہ کاری کا فروغ یقینی بنائے گی۔

انہوں نے بتایا کہ یہ کونسل پاکستان میں سرمایہ کاروں کو ون ونڈو سہولت فراہم کرے گی، کونسل زراعت، آئی ٹی، کان کنی، توانائی اور دفاع کے شعبوں میں سرمایہ کاری کو فروغ دے گی۔

وزیراعظم نے وفد کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ دفتر خارجہ اور پاکستانی مشن بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے ساتھ اپنے روابط کو مؤثر بنائیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور امریکا کے تعلقات کو مزید بہتر کرنے کیلئے باہمی تعاون کے نئے شعبوں پر کام کی ضرورت ہے۔

وزیراعظم نے دونوں ممالک کے عوام کے درمیان روابط بڑھا کر پاک امریکا تعلقات کے فروغ کی ضرورت پر زور دیا۔

وفد نے وزیراعظم کو پاک امریکا تجارتی اور تقافتی تعلقات کے فروغ کیلئے اقدامات سے آگاہ کیا۔

وفد کے شرکا نے پاکستان کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری بڑھانے میں دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کیلئے بےپناہ محبت ہمارے دلوں کو یکجا کرتی ہے۔

قومی خبریں سے مزید