سپریم کورٹ نے توشہ خانہ کیس کی اپیلیں نمٹادیں۔
سپریم کورٹ میں توشہ خانہ کیس سے متعلق اپیلوں کی سماعت ہوئی۔
جسٹس یحیٰ آفریدی کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے سماعت کی، جسٹس حسن اظہر رضوی اور جسٹس مسرت ہلالی بینچ میں شامل تھے۔
سپریم کورٹ کا کہنا ہے کہ ٹرائل کورٹ ہائیکورٹ کے حتمی فیصلے تک توشہ خانہ کیس کا فیصلہ نہیں کرسکتی۔
بینچ کے سربراہ جسٹس یحییٰ آفریدی نے چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل سے استفسار کیا کہ آپ اس عدالت سے کیا چاہتے ہیں جس پر خواجہ حارث نے کہا کہ فی الحال ہم اس عدالت سے فیصلہ نہیں چاہتے، اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ آنے پر ہمیں اس کیس پر سپریم کورٹ کا فیصلہ درکار نہیں ہے۔
سپریم کورٹ نے دونوں فریقین سے پوچھا کہ کیا اس کیس کو نمٹا دیا جائے جس پر الیکشن کمیشن کے وکیل امجد پرویز اور چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل خواجہ حارث نے آمادگی کا اظہار کیا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل سپریم کورٹ نے توشہ خانہ کیس کے حوالے سے نئی کاز لسٹ جاری کی تھی جس میں بتایا گیا تھا کہ بینچ میں جسٹس مظاہر علی نقوی کی جگہ جسٹس حسن اظہر رضوی کو شامل کر لیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے توشہ خانہ کیس سے متعلق اسلام آباد ہائیکورٹ میں بھی اپیل دائر کر رکھی ہے جبکہ توشہ خانہ کیس کی سماعت سیشن عدالت میں بھی زیر سماعت ہے۔