پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹرین (پی ٹی آئی پی) کے سربراہ اور خیبر پختونخوا کے سابق وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے کہا ہے کہ 9 مئی کو حملوں وغیرہ کیلئے الگ گروپ بنایا گیا تھا جس کا سینئر لیڈرز کو علم نہیں تھا۔
جیو نیوز کے پروگرام جرگہ میں گفتو کرتے ہوئے پرویز خٹک نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات میں سینئر پارٹی قیادت کو پُر امن احتجاج کی لائن دی گئی تھی جبکہ حملوں وغیرہ کیلئے ایک الگ گروپ بنایا گیا تھا جو سینئر رہنماؤں کے علم میں نہیں تھا۔
پرویز خٹک نے کہا کہ اس گروپ کو ہدایات کہیں اور سے مل رہی تھیں، شکر ہے 9 مئی کو گولی نہیں چلی ورنہ انتشار ہو جاتا۔
انہوں نے کہا کہ اس دن کا ڈرامہ اس لیے رچایا گیا تھا کہ ملک میں اور فوج میں انتشار پھیلے اور فوج بدنام ہو، اس سارے معاملے کے فیصلے عمران خان خود کرتے تھے۔
پرویز خٹک نے یہ بھی کہا کہ سینئر قیادت کی رائے کو کبھی خاطر میں نہیں لیا جاتا تھا، اس دن جو کچھ ہوا سب عمران خان کا کیا دھرا ہے۔
پرویز خٹک کا تفصیلی انٹرویو پروگرام جرگہ میں سلیم صافی کے ساتھ اتوار کی شب 10 بج کر پانچ منٹ پر جیو نیوز پر نشر کیا جائے گا۔