• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کردار کو حقیقت کا رنگ دینے کیلئے دو ماہ تک کرکٹ سیکھی، حریم فاروق

تھیٹر، ٹی وی اور فلموں کی شوخ و چنچل اداکارہ حریم فاروق نے بتایا ہے کہ انہوں نے ڈرامہ 22 قدم میں کردار کو حقیقت کا رنگ دینے کےلیے کرکٹ سیکھی۔ 

جنگ کو دیے گئے خصوصی انٹرویو میں حریم فاروق نے بتایا کہ تھیٹر میرے لیے اسکول اور استاد کا درجہ رکھتا ہے۔ مجھے تھیٹر سے عشق ہوگیا ہے۔ فلم اور ٹی وی ڈراموں کی وجہ سے مداحوں کا بہت پیار ملا۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ابتدا میں بین الاقوامی شہرت یافتہ ڈراما نگار انور مقصود کے ڈراموں سے پہچان اور شناخت ملی۔

ان کا کہنا تھا کہ آنگن ٹیڑھا اور پونے 14 اگست میں میری پرفارمنس کو کراچی والوں نے بے حد سراہا۔ آنگن ٹیڑھا میں جہاں آرا کردار میرے لیے چیلنج تھا۔

حریم نے کہا کہ جب ہماری سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری نے میری پرفارمنس کو سراہا تو میں حیران ہوگئی تھی اور میری خوشی کی انتہا نہ تھی۔

خوبصورت فنکارہ حریم فاروق نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ ڈرامہ 22 قدم میں کرکٹر کے کردار میں حقیقت کا رنگ بھرنے کے لیے میں نے دو ماہ تک کرکٹ سیکھی اور بولنگ میں بہت انجوائے کیا۔

انہوں نے بتایا کہ انہیں وہاج علی کے ڈرامے میں کردار کرنا اچھا لگا۔

فلموں کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے حریم فاروق نے بتایا کہ دی لیجنڈ آف مولاجٹ کی شاندار کامیابی نے دنیا کو پیغام دے دیا کہ پاکستان فلموں کے حوالے سے بڑی مارکیٹ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ میری فلموں کو بھی اچھا رسپانس ملا۔ ہیر مان جا میں میرے کرکٹر کے کردار کو فلم بینوں نے پسند کیا۔

اپنے مستقبل کے بارے میں انہوں نے بتایا کہ جلد ایک نئی فلم بنانے کا پلان بنایا ہے اور ناظرین مجھے دو تین ڈراموں میں مختلف اور دلچسپ کرداروں میں دیکھیں گے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید