• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عام انتخابات شائع کی گئی مردم شماری کے مطابق ہوں گے، اعظم نذیر تارڑ

وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کا کہنا ہے کہ آئین کے آرٹیکل 51 کے تحت عام انتخابات شائع کی گئی مردم شماری کے مطابق ہوں گے، اب یہ الیکشن کمیشن پر ہے کہ وہ حلقہ بندیوں کا عمل کتنی جلدی کرتا ہے۔

جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ آج مشترکہ مفادات کونسل کا طویل اجلاس ہوا، اجلاس میں چاروں وزرائے اعلیٰ، سی سی آئی کے دیگر ممبران نے شرکت کی۔

اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ مشترکہ مفادات کونسل کے اجلاس میں نئی مردم شماری کی متفقہ منظوری دی گئی، مشترکہ مفادات کونسل کے تمام 8 ممبران نے نئی مردم شماری کی منظوری دی۔

وزیر قانون نے کہا کہ آئینی بحرانی کیفیت تھی جسے اب دور کر لیا گیا ہے، اب یہ الیکشن کمیشن پر ہے کہ وہ حلقہ بندیوں کا عمل کتنی جلدی کرتا ہے، چار ماہ میں حلقہ بندیوں کا عمل مکمل کرنا ہوتا ہے، اب یہ الیکشن کمیشن کی صوابدید ہے کہ وہ کتنی جلدی حلقہ بندیوں کا معاملہ طے کرتا ہے۔

اعظم نذیر تارڑ نے یہ بھی کہا کہ تمام صوبوں کی نشستیں وہی رہیں گی، اس میں کوئی رد و بدل نہیں ہوگی، مردم شماری کے نتائج ایسے ہیں اس سے نشستوں کی تقسیم پر اثر نہیں پڑے گا۔

قومی خبریں سے مزید