• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لاہور: چیئرمین پی ٹی آئی کی گرفتاری کیخلاف مظاہرہ، 36 کارکن گرفتار

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کو زمان پارک لاہور میں واقع ان کی رہائش گاہ سے گرفتار کیے جانے کے خلاف مظاہرہ کرنے پر زمان پارک سے 36 کارکنوں کو پولیس نے حراست میں لے لیا۔

چیئرمین پی ٹی آئی کی گرفتاری پر وکلا اور کچھ کارکنوں نے زمان پارک اور لبرٹی میں بھی احتجاج کیا، کارکنوں نے نعرے بازی کی، پولیس نے 3 خواتین سمیت 36 کارکنوں کو حراست میں لے لیا۔

ڈی آئی جی انویسٹی گیشن عمران کشور کے مطابق احتجاج کرنے پر پی ٹی آئی کے 36 کارکنوں کو گرفتار کیا گیا ہے، اگر کوئی انتشار پھیلانے کی کوشش کرے گا تو اس کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔

اسلام آباد کی سیشن عدالت کے جج ہمایوں دلاور نے توشہ خانہ کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کو تین سال قید اور ایک لاکھ جرمانے کی سزا سنائی ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی کو توشہ خانہ کیس میں سزا سنائے جانے کے بعد زمان پارک لاہور سے گرفتار کیا گیا۔

اس کے علاوہ کراچی سے بھی احتجاج کرنے والے پی ٹی آئی کارکنوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔

قومی خبریں سے مزید