وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ نگراں وزیراعظم کےلیے وزیراعظم کو اپوزیشن لیڈر سے مشاورت کرنی ہے، اس پر مشاورت جاری ہے عوام کے سامنے اعلان کریں گے۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ مردم شماری آئینی، قومی فریضہ تھا، الیکشن کروانا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے، اگلے الیکشن میں مسلم لیگ (ن) نواز شریف کی قیادت میں عوام کے پاس جائے گی۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ گرین انیشیٹیو کے تحت کسی کے حوالے کچھ نہیں کیا جا رہا۔ پانچ شعبوں میں سرمایہ کاری کی جا سکے گی۔
انکا کہنا تھا کہ نواز شریف سی پیک لائے اور ملک کو دہشت گردی سے نجات دلائی۔ گوادر پاکستان کا جھومر ہے، معیشت کا انحصار بندر گاہوں اور تجارت پر ہے۔
وزیر اطلاعات نے یہ بھی کہا کہ زمان پارک سے پہلے پیٹرول بم کا نام نہیں سنا تھا۔ 9 مئی کو حساس تنصیبات پر حملے ہوئے۔ 9 مئی واقعات کے ماسٹر مائنڈ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) تھے، ملک میں مہنگائی کا بم بھی چیئرمین پی ٹی آئی نے گرایا۔