پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ اٹک جیل میں بی کلاس کی سہولت موجود نہیں ہے، چیئرمین پی ٹی آئی کو جیل کی سی کلاس میں رکھا گیا ہے۔
پارٹی کی کور کمیٹی کے اجلاس کے بعد بیان دیتے ہوئے شاہ محمود نے کہا کہ ہمارے علم میں آیا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو 9 بائی 11 کے ایک سیل میں رکھا گیا ہے۔
وائس چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ وکلا کو چیئرمین پی ٹی آئی تک رسائی دینے سے انکار کر دیا گیا ہے۔ کل چیئرمین پی ٹی آئی کی رہائی کے لیے اپیل دائر کرنی ہے، وکالت نامے پر چیئرمین پی ٹی آئی کے دستخط نہیں ہوں تو اپیل کیسے فائل کرسکتے ہیں؟
شاہ محمود قریشی نے یہ بھی کہا کہ امید ہے چیئرمین پی ٹی آئی کو ان کا بنیادی اور آئینی حق دیا جائے گا۔