پولیس نے لاہور ڈیفنس فیز 6 میں سیکیورٹی گارڈ پر تشدد کرنے والے 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق ملزمان کے قبضے سے 2 ایس ایم جی، 2 پستول، 29 میگزین اور سیکڑوں گولیاں برآمد کی گئی ہیں۔
ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق واقعہ میں ملوث 3 دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے بھی چھاپے مارے جارہے ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی گارڈ پر تشدد کا مرکزی ملزم احمد میو نامی شخص ہے، مرکزی ملزم سمیت تمام ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں لاہور کے ڈیفنس کمرشل ایریا میں کلب کے داخلی دروازے پر معمر سیکیورٹی گارڈ عباس علی نے ایک ڈبل کیبن گاڑی کو روکنے کی کوشش کی، تاہم گاڑی میں سوار افراد گاڑی کو زبردستی انٹری گیٹ سے باہر لے گئے اور پھر گاڑی میں سوار 5 مسلح افراد نے گارڈ پر تشدد کیا اور سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دیں۔