کراچی میں رینٹ اے کار کے دفتر میں نوجوان کو تشدد کر کے قتل کرنے والے دو ملزمان کو 5 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا گیا۔
جوڈیشل مجسٹریٹ وسطی کی عدالت میں آج ناگن چورنگی کےقریب رینٹ اے کار کے دفتر میں تشدد سے شہری کی ہلاکت کے کیس کی سماعت ہوئی۔
دوران سماعت پولیس نے عدالت سے گزشتہ روز گرفتار کیے دونوں ملزمان کے 14 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔
عدالت نے ملزمان کو 5 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کےحوالے کرتے ہوئے اگلی سماعت تک پیش رفت رپورٹ جمع کرانے کا حکم دیا۔
پولیس کے مطابق واقعے کا مقدمہ سر سید تھانے میں مقتول کی ہمشیرہ کی مدعیت میں درج ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز کراچی میں ناگن چورنگی کے قریب بااثر افراد نے اپنے رینٹ اے کار کے دفتر میں ایک شخص کو شدید تشدد کا نشانہ بنا کر بند کر دیا تھا جہاں متاثرہ شخص جاں بحق ہو گیا تھا۔
سوشل میڈیا پر تشدد کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد پولیس نے 4 ملزمان کو گرفتار کر لیا جبکہ مزید ملزمان کی تلاش جاری ہے۔
مقتول اور ملزمان کے درمیان ابتدائی طور لین دین کا تنازع سامنے آیا ہے۔