سابق وزیراعظم نواز شریف کے صاحبزادے حسین نواز کا کہنا ہے کہ میں نے مشرف کے دور میں اٹک جیل کاٹی تھی، ہم لوگوں نےصبر کے ساتھ جیل میں وقت گزارا۔
لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حسین نواز نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف بھی اٹک جیل جا چکے ہیں، اٹک جیل میں اس وقت بھی وہی حالات تھے جن حالات میں آج چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) ہیں۔
حسین نواز نے کہا کہ اپریل 2000ء سے دسمبر 2000ء تک آٹھ ماہ اٹک جیل میں رہا، اٹک جیل میں گرمی میں شدید لو اور سردی میں شدید ٹھنڈی ہوا آتی تھی، مجھے جیل میں ڈالتے ہوئے یہ بھی نہیں بتایا گیا کہ میرا جرم کیا ہے؟
نواز شریف کے صاحبزادے نے کہا کہ مجھے جیل میں ڈالا بھی دھکے سے اور نکالا بھی دھکے سے۔ کسی کی مشکل پر کبھی خوش نہیں ہونا چاہیے، جن دنوں میں ہم نے وہاں قید کاٹی، ان دنوں عدالت نام کی چیز نہیں تھی، مشرف کے دور میں جن لوگوں کو سزائیں ملتی تھیں وہ کسی عدالت نہیں جا سکتے تھے۔
حسین نواز نے یہ بھی کہا کہ ہم اے یا بی کلاس کا مطالبہ کرتے تو کس سے کرتے؟ مجھے تو یہ بھی نہیں بتایا گیا کہ کس جرم میں قید رکھا گیا۔