کراچی کے علاقے ملیر میمن گوٹھ کے کھلے مین ہول نے ڈھائی سالہ بچے کی جان لے لی، ڈپٹی میئر کراچی سلمان مراد نے گٹر پر ڈھکن نہ ہونے کے جواز پیش کردیے۔
جیو نیوز کے پروگرام "جیو پاکستان" میں بات کرتے ہوئے ڈپٹی میئر کراچی نے کہا کہ گٹر کے ڈھکن گاڑیوں کے چلنے سے ٹوٹ جاتے ہیں، نشہ کرنے والے لوگ گٹر کے ڈھکن چرا کر اس میں سے سریا نکال کر بیچ دیتے ہیں۔
سلمان مراد نے کہا کہ وہ نہیں کہتے کہ کراچی کو نیویارک بنائیں گے، لیکن کراچی میں آنے والے دنوں میں بہتری ہوتی نظر آئے گی۔
انہوں نے کہا کہ میمن گوٹھ میں بچے کی ہلاکت افسوسناک واقعہ ہے۔ اس پر سیاست نہیں کرنی چاہیے، ذمے داروں کیخلاف کارروائی کریں گے۔
ڈپٹی میئر کے دعوے ایک طرف، شہر کی متعدد سڑکوں پر مین ہول کے ڈھکن بدستور غائب ہیں، کراچی کے علاقے پرانا گولیمار اور کلفٹن یو سی 11 میں آج بھی کئی گٹر پر ڈھکن نہیں ہیں، سڑک کے نیچے نالہ گزرنے کے باعث ایک حصہ بھی دھنس گیا، جو سنگین حادثے کا سبب بن سکتا ہے، انتظامیہ نے ایک بار پھر بجٹ نہ ہونے کا رونا شروع کردیا۔