سابق سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر نے کہا کہ الیکشن غیر معینہ مدت تک ملتوی ہوسکتے ہیں۔
جیو نیوز کے پروگرام’’کیپٹل ٹاک‘‘میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سی سی آئی کی میٹنگ غیر قانونی، غیر آئینی اور بدنیتی پر مبنی تھی، سیاسی جماعتوں کو ہوش نہیں تھا، ملک کو جان بوجھ کر انتشار کی طرف لے جایا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نگراں حکومت کے پاس لوگوں کا مینڈیٹ نہیں ہے، ایسی صورتحال میں ملک میں معاشی بحران کیسے حل ہوگا۔
مصطفیٰ نواز کھوکھر نے جڑانوالہ واقعے پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ جن لوگوں کے گھر جلے، سامان چوری ہوا ان کی بحالی ریاست کا کام ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر الیکشن ہوئے تو حصہ لوں گا، الیکشن دو وجہ سے نہیں ہوسکتے، حکومت میں شامل جماعتیں لوگوں کا سامنا نہیں کرسکتیں، دوسری یہ کہ ایک اور جماعت کی مقبولیت ہے، جب تک وہ نیچے نہیں آئے گی الیکشن نہیں کرائے جاسکتے۔