مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ نوجوان تیاری کرلیں، پارٹی قائد نواز شریف جلد ہمارے درمیان ہوں گے۔
مریم نواز نے لاہور میں صوبائی حلقوں کے یوتھ کوآرڈی نیٹرز سے ملاقات کی اور اُن میں نوٹیفکیشن تقسیم کیے۔
انہوں نے اس موقع پر کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی اصل طاقت نوجوان ہیں، یہ دور نوجوانوں کا ہے، زندگی کے ہر شعبے میں ترقی ان کا حق ہے۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ پارٹی ہر سطح پر یوتھ اور اس کے نمائندوں کو آگے بڑھنےکا موقع دے گی، آپ نے پارٹی کا پیغام گھر گھر پہنچانا ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن نے ہر دور میں نوجوانوں کو آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کئے، ن لیگی شیروں نے ہر موقع پر فرنٹ لائن واریئرز کا کردار نبھایا ہے۔
ن لیگ کی چیف آرگنائزر نے یہ بھی کہا کہ نواز شریف نے جب بھی نوجوانوں کو کال دی، انہوں نے اپنے قائد کی کال پر لبیک کہا۔
انہوں نے کہا کہ نوجوان تیاری کرلیں، نواز شریف جلد آپ کے درمیان ہوں گے، فتنہ پارٹی نے نوجوانوں کے ذہنوں میں صرف نفرت اور انتشار پیدا کیا۔
مریم نواز نے کہا کہ اس کا عملی مظاہرہ قوم نے 2014ء کے دھرنے اور 9 مئی کے واقعات کی صورت میں دیکھا، فتنہ فساد گروپ نے پاکستان میں ڈنڈے اور گالی کی سیاست کو فروغ دیا۔