• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

90ویں سالگرہ پر خاتون نے 14ہزار فٹ بلندی سے چھلانگ لگا دی


شوق کا کوئی مول نہیں ہوتا اور نہ ہی اسے پورا کرنے کی کوئی عمر امریکی خاتون نے اپنی 90ویں سالگرہ کے دن اسکائی ڈائیونگ کی دیرینہ خواہش بلآخر پوری کر ہی لی۔

مارگ برگ نامی امریکی خاتون نے سابق امریکی صدر جارج ایچ ڈبلیو بش سے متاثر ہوکر اپنی 90ویں سالگرہ پر اسکائی ڈائیونگ کے دیرینہ شوق کو پایۂ تکمیل تک پہنچا کر ہر ایک کو حیران کر دیا۔

مارگ برگ کا کہنا ہے کہ میں نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ میں اپنی زندگی کی 90 بہاریں دیکھ سکوں گی، لیکن اگر میں نے یہ دیکھ ہی لی ہیں تو اس کا جشن آسمان کی بلندی سے چھلانگ لگاکر منایا جائے، اگر سابق صدر جارج ایچ ڈبلیو بش 90 برس کی عمر میں ایسا کرسکتے ہیں تو میں کیوں نہیں؟

میڈیا رپورٹس کے مطابق مذکورہ زائدالعمر امریکی خاتون کا حوصلہ بڑھانے کے لئے اس موقع پر ان کا پورا خاندان موجود تھا، جن میں ان کے بچے، پوتے پوتیاں نواسے نواسیاں اور پڑ پوتے پوتیاں پڑ نواسے نواسیاں سب ہی شامل ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق مارگ برگ  کااپنی سالگرہ کے دن جوش دیدنی تھا انہوں نے ایک روز قبل بھرپور نیند لی۔ اسکائی ڈائیونگ سہولت فراہم کرنے والے عملے کے مطابق انہوں نے کاغذات پر دستخط کرنے کے بعد تمام تر حفاظتی ہدایات کو بغور سیکھا اور پھر 14 ہزار فٹ کی بلندی سے چھلانگ لگا کر اپنی سالگرہ کا جشن منایا۔

ایک منٹ کی فری فال اور پانچ منٹ کی اسکائی ڈائیونگ کے بعد جب خاتون دوبارہ زمین پر بحفاظت اُتریں تو ان کے لبوں پر مسکراہٹ تھی۔

اسکائی ڈائیونگ جیسا مہم جوئی تجربہ حاصل کرنے والی زائدالعمر خاتون نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے دیگر دیکھنے والوں کو پیغام دیا کہ ’آپ جو کرنا چاہتے ہیں وہ کریں جب تک آپ یہ کر سکتے ہیں‘۔