پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی رہنما شیری رحمان نے کہا کہ یہ جان کر دکھ ہوا کہ مسیحی بھائی بہنوں اور بچوں کو کھیتوں میں رات گزارنا پڑی، کیا اس دن کےلیے جناح نے پاکستان کی بنیاد رکھی تھی؟
پیپلز پارٹی کے وفد نے جڑانوالہ کا دورہ کیا، وفد میں شیری رحمان، نیئر بخاری، فیصل کریم کنڈی، ندیم افضل چن شامل تھے، وفد نے سانحہ 16 اگست کے متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کی اور گرجا گھروں کا دورہ بھی کیا۔
شیری رحمان نے کہا کہ جڑانوالہ میں 16 اگست کے دن جو ہوا اس کی مذمت کرتے ہیں۔ پیپلز پارٹی اقلیتوں کو برابر کا شہری سمجھتی ہے، ہمارے دین اور آئین میں اقلیتوں کی حفاظت اور حقوق کی ذمہ داری اکثریت پر ہے۔
پی پی رہنما نے مزید کہا کہ جڑانوالہ میں مسیحی برادری پر حملہ پاکستان پر حملہ ہے، یہ سانحہ پاکستان کی ساکھ اور ریاست کی رٹ پر حملہ ہے، شر پسند عناصر کو کڑی سزا ملنے سے ہی ایسے واقعات کو روکا جا سکتا ہے، ہم ان واقعات میں ملوث تمام افراد کو کڑی سزا کا مطالبہ کرتے ہیں۔
نیئر حسین بخاری نے کہا کہ تمام گرجا گھروں کو بحال کیا جائے، متاثرہ افراد کو معاوضہ دیا جائے۔