مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز اور پیپلز پارٹی کی نائب صدر سینیٹر شیری رحمٰن بٹگرام چیئرلفٹ میں پھنسے چھ بچوں سمیت 8 افراد کی خیریت کے لئے دعا گو ہیں۔
ن لیگی رہنما مریم نواز نے پاک فوج پر بھروسہ رکھتے ہوئے دعا کی اور سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابق ٹوئٹر) پر پوسٹ شیئر کرتے ہوئے لکھا ’ہم اللّٰہ تعالیٰ سے دعا گو ہیں اور پاک فوج کی پیشہ ورانہ ٹیم پر مکمل بھروسہ رکھتے ہیں کہ وہ بٹگرام چیئر لفٹ میں پھنسے بچوں اور ان کے اساتذہ کو باخیریت ریسکیو کرلیں گے۔
انہوں نے مزید لکھا کہ ’امید ہے کہ سب جلد اپنے پیاروں سے ملیں گے ان کے ساتھ ہوں گے، تمام لوگ انہیں اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں‘۔
دوسری جانب سابق وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی شیری رحمٰن نے بھی پاک فوج پر مکمل یقین رکھتے ہوئے سوشل میڈیا پر پوسٹ شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’مجھے یقین ہے کہ آرمی کا ہیلی کاپٹر جو چیئر لفٹ کیبل میں پھنسے ہوئے 6 بچوں سمیت 8 لوگوں کی امداد کے لیے بٹگرام روانہ ہوا ہے وہ انہیں ریسکیو کرلے گا، ان متاثرین کو اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں اور ان کی خیریت کے لئے پُرامید رہیں‘۔