لسبیلہ چورنگی پر نالے میں گیس پریشر کے دھماکے کے وقت سے نجی کمپنی کا ملازم لاپتہ ہے۔
کراچی میں لسبیلہ چورنگی پر نالے میں گیس پریشر سے دھماکے کے واقعے کے وقت لاپتہ ہونے والے اریب کے اہل خانہ اُس کی تلاش جاری رکھے ہوئے ہیں۔
والد نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ اریب دھماکے سے چند سیکنڈ قبل ہی دفتر سے باہر نکلا تھا، اُس کے نکلتے ہی زور دار دھماکا ہوا، جس کے بعد سے اُس کا کچھ پتا نہیں۔
والد نے مزید کہا کہ اسپتالوں میں بھی اریب کو تلاش کیا ہے، لیکن کچھ معلوم نہیں ہوسکا، ریسکیو اہلکاروں نےنالےمیں تلاش کیا لیکن نالے میں کچھ نہیں ملا۔
پولیس کے مطابق لسبیلہ چوک کے قریب نعمان مسجد کے سامنے زیر زمین سیوریج لائن میں نماز جمعہ کے بعد زوردار دھماکا ہوا۔
دھماکے کے نتیجے میں لگ بھگ 100 گز تک کی دکانیں اور ایک پکوان ہاؤس کو شدید نقصان پہنچا۔
ایدھی فاؤنڈیشن کے مطابق واقعے کے 8 زخمیوں کو ٹراما سینٹر منتقل کر دیا گیا۔