وزیرِ دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ صہیونیت انسانیت کے لیے خطرہ ہے، ایران پر جنگ مسلط کی گئی، جس کا ایجنڈا اسرائیلی اثر کو پاکستان کی سرحد تک لانا ہے۔
انہوں نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ افغانستان، اسرائیل اور بھارت کا مشترکہ ایجنڈا پاکستان دشمنی ہو سکتا ہے، قوم کو سازش کو سمجھنا ہو گا۔
وزیرِ دفاع نے کہا کہ اسرائیل کے قیام سے آج تک اسلامی دنیا پر آنے والی ہر آفت کے پیچھے صہیونی نظریہ ہے، صہیونیت نے ایک صدی سے عالمی معاشی نظام کو کنٹرول کیا، بڑی طاقتیں صہیونیت کے زیرِ اثر ہیں۔
خواجہ محمد آصف نے سابق وزیرِاعظم نواز شریف کے حوصلے کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایٹمی طاقت ہے، ہماری مسلح افواج کی صلاحیت دنیا تسلیم کرتی ہے، ایٹمی دھماکے کر کے دنیا کو بتایا کہ پاکستان ایٹمی قوت ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ فلسطین آزاد ہو اور پاکستان محفوظ رہے، اس وقت اسلامی دنیا میں اتحاد وقت کی ضرورت ہے۔