• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسلام آباد چیمبر آف کامرس کا بجلی کے بلوں میں اضافے پر ردِعمل

صدر اسلام آباد چیمبر آف کامرس، فائل فوٹو
صدر اسلام آباد چیمبر آف کامرس، فائل فوٹو 

صدر اسلام آباد چیمبر آف کامرس احسن بختاوری کا کہنا ہے کہ مہنگائی کے باعث موجودہ حالات میں کاروبار کرنا ممکن نہیں رہا۔

 احسن بختاوری نے بجلی کے بلوں میں اضافے پر بیان دیتے ہوئے کہا کہ بجلی بلوں کامسئلہ کاروبار، معیشت اورصارفین کے لیے سنگین صورتحال اختیار کر گیا ہے، بجلی کی موجودہ قیمت میں بین الاقوامی مارکیٹ کا مقابلہ نہیں کیا جاسکتا۔

اُنہوں نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کے بعد بجلی کی قیمتوں میں اضافے سے پیداواری لاگت میں کئی گنا اضافہ ہوگیا ہے۔ لائن لاسز اور چوری سمیت کئی مسائل بجلی نظام کو درپیش ہیں جو فوری حل طلب ہیں۔

اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ عوام اور بزنس کمیونٹی سڑکوں پر ہیں لیکن ان پر کوئی توجہ نہیں دی جارہی، حکومت بغیر کسی شش و پنج کے نظام میں انقلابی اصلاحات کا فوری آغاز کرے۔

احسن بختاوری نے کہا کہ بجلی کے نظام میں بنیادی تبدیلیاں اور ڈسکوز کی کارکردگی کو بہتر کیا جائے۔

اُنہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتیں اور تمام اسٹیک ہولڈرز معیشت کو دلدل سے نکالنے کے لیے چارٹر آف اکانومی کریں، ڈالر کی قیمت کو کنٹرول کیا جائے اور طویل المدتی پالیسیز تشکیل دی جائیں۔

احسن بختاوری نے کہا کہ آئی پی پیز کو روپے کے بجائے ڈالر میں ادائیگیاں کرنے سے بجلی نرخوں میں اضافہ ہورہا ہے، ڈالر مہنگا ہونے سے بجلی مزید مہنگی ہوگی اور کاروبار بند ہوجائیں گے۔

اُنہوں نے کہا کہ حکومت آئی پی پیز کے ساتھ معاہدوں پر نظرثانی کرے، ڈالر کے بجائے ان کو روپے میں ادائیگیاں کرے، بجلی قیمتوں میں اضافہ فوری واپس لے کر عوام کو ریلیف دیا جائے۔

تجارتی خبریں سے مزید