• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حیا کا مظہر حجاب میرا

زہے مقدّر حجاب میرا

بتولؓ و زینبؓ سے اِس کا رشتہ

بلند و برتر حجاب میرا

نشانِ تقدیسِ بنتِ مریمؑ

ہے میرے سر پر حجاب میرا

نظر کی پاکیزگی کے ضامن

یہ میری چادر، حجاب میرا

مجھے سنبھالے کہ گِر نہ جاؤں

ہر اِک قدم پر حجاب میرا

ہوائے پُرشور تھک گئی ہے

ثبات پیکر حجاب میرا

زمانے بھر کو دِکھا رہا ہے

بہار منظر حجاب میرا

اے مجاہد، تجھے سلام…

فوج کے مردِ مُجاہد تیری عظمت کو سلام

سُرخ رُو تُونے کیا ہے، تیری جُرأت کو سلام

جنگ میں65کی تُو نے جو دکھائے تھے کمال

کررہی ہے قوم تیری اُس شُجاعت کو سلام

اِک یقینی ہار کو بدلا تھا، تُونے جیت میں

رات دن کرتا رہوں گا، تیری ہمّت کو سلام

ٹینک کے نیچے گئے جو پیٹ سے بم باندھ کر

اُن شہیدوں، جاں نثاروں کی شجاعت کو سلام

اِس وطن کی سرزمیں سے تجھ کو کتنا پیار ہے

فوج کے بے مثل غازی، تیری چاہت کو سلام

تُو نے دنیا میں بڑھایا ہے مِرا قومی وقار

تیری اس توقیر کو، تیری وجاہت کو سلام

تُو نے جوہر کی دُعا کی لاج رکھ لی اے خدا

ہم پہ اس درجہ عنایت اور سخاوت کو سلام

(سیّد سخاوت علی جوہر، کورنگی، کراچی)