• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

راولپنڈی: ڈاکوؤں کا راہ چلتی خاتون کو ہراساں کرنے کے بعد تشدد


راولپنڈی کے علاقے وارث خان میں دن دیہاڑے ڈاکوؤں نے راہ چلتی خاتون کو دبوچ کر تشدد کا نشانہ بنایا، ہراساں کیا اور پرس چھین لیا۔

 واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آنے کے بعد تھانہ وارث خانہ کی پولیس موقع پر پہنچ گئی۔

سٹی پولیس آفیسر (سی پی او) راولپنڈی نے واقعے کا نوٹس لے کر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس پی) راول سے رپورٹ طلب کرکے ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دیا ہے۔

تھانہ وارث کے علاقے محلہ حکم داد میں برقعہ پوش خاتون اپنے گھر سے والدہ کے گھر جا رہی تھی کہ گلی میں موٹر سائیکل سوار ڈاکوؤں نے خاتون کو اکیلے پاکر گھیر لیا۔

ڈاکوؤں نے خاتون کو پہلے دبوچا پھر اس کے پرس سے طلائی زیورات، موبائل فون اور نقدی نکال لی، خاتون کے مزاحمت کرنے پر ڈاکوؤں نے خاتون کو تشدد کا نشانہ بنایا، ہراساں کیا اور ٹھڈے مار کر نیچے گرا دیا۔

ملزمان اسلحہ لہراتے ہوئے موقع سے فرار ہوگئے، واقعہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں خاتون کے ساتھ ڈاکوؤں کی دست درازی اور ڈکیتی کے مناظر واضح دیکھے جا سکتے ہیں۔

تھانہ وارث خان پولیس نے متاثرہ خاتون کی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے واقعہ کی تحقیات شروع کردی ہے۔

 سی پی او راولپنڈی نے خاتون سے ڈکیتی کی واردات کے واقعے کا نوٹس لے کر ایس پی راول سے رپورٹ طلب کرلی ہے اور ملزمان کی فوری گرفتاری کی ہدایت بھی کر دی ہے۔

قومی خبریں سے مزید