ایشیا کپ 2023 کے لئے پاکستان کے اسکواڈ میں شامل فاسٹ بالر نسیم شاہ اور وسیم جونیئر کی ماضی کی ایک ویڈیو ایک بار پھر سوشل میڈیا کی زینت بن گئی۔
مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر فاسٹ بالر نسیم شاہ اور وسیم جونیئر کی پاکستانی معروف گلوکار فلک شبیر کے ہمراہ سفر کرتے ہوئے ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے۔
مذکورہ ویڈیو چند ماہ پرانی ہےجس میں فاسٹ بالر نسیم شاہ اور وسیم جونیئر کو گلوکار کے سُروں اور ان کی رسیلی آواز سے محظوظ ہوتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
وائرل ویڈیو میں دونوں فاسٹ بالر گلوکار فلک شبیر کا پنجابی گانا ’اجازت‘ سن رہے ہیں جس پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے دلچسپ تبصرے کئے جا رہے ہیں، ایک صارف نے لکھا کہ دونوں پٹھان بالر پنجابی گانے کے مزے لے رہے ہیں۔
خیال رہے کہ پاکستان کی میزبانی میں ایشیا کپ 2023 کا آغاز ہو گیا ہے، پہلا میچ پاکستان اور نیپال کے مابین ملتان میں کھیلا جارہا ہے اور دونوں تیز رفتار بالر قومی ٹیم کا حصہ ہیں۔