امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ غلط معاہدوں سے بجلی کی قیمتوں میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے، بجلی کا بل اب موت کا پروانہ بن چکا ہے۔
راولپنڈی میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ شہباز شریف سے پوچھیں انہوں نے 16 مہینوں میں کیا کیا؟ ہم بجلی کو رو رہے تھے کہ پیٹرول بم ہم پر استعمال کیا گیا ہے، 20 دنوں میں پیٹرول کی قیمت میں 35 روپے فی لیٹر اضافہ کیا گیا۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ حکمرانوں نے ملک کو بند گلی کی طرف دھکیلا ہے، پاکستان کی سیاست اور معیشت آئی ایم ایف کی مرہون منت ہے، عوام نے بجلی کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف احتجاج کیا، عالمی اداروں کی رپورٹ ہے پاکستان میں 90 لاکھ نوجوان منشیات کا شکار ہیں۔
سراج الحق نے کہا کہ 8 لاکھ لوگ پاکستان چھوڑ کر چلے گئے ہیں، 13جماعتی اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے عوام کو انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کا غلام بنایا، آئی ایم ایف کی غلامی کو کسی صورت قبول نہیں کریں گے۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ پانچ سال جو جماعتیں حکومت کرکے گئیں انہوں نے ملک کا امن تباہ کر دیا، ملک میں ڈاکو راج ہے بلوچستان اور کے پی میں امن و امان کی صورت حال بد ترین ہے۔