پاکستان شوبز انڈسٹری کی اُبھرتی ہوئی اداکارہ صرحا اصغر نے شوبز انڈسٹری کے معروف مگر گھریلو تنازعات میں گھرے رہنے والے اداکار فیروز خان کے ساتھ کام کرنے کے تجربے کے بارے میں بتادیا۔
گزشتہ دنوں صرحا اصغر نے ایک نجی تقریب میں شرکت کی جہاں انہوں نے بلاگر سے گفتگو کرتے ہوئے ایک سوال کے جواب میں اداکار فیروز خان کے ساتھ کام کرنے کے بارے میں بتایا ۔
بلاگر کے سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ وہ جلد ہی ڈرامہ سیریل ’اکھاڑا‘ کی شوٹنگ مکمل کرنے والی ہیں جس میں ان کے ساتھ فیروز خان کے علاوہ سونیا حسین، حنا آفریدی، فراز فاروقی اور ندا ممتاز شامل ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ مذکورہ ڈرامے کی ہدایت کاری انجم شہزاد نے کی ہے، انہوں نے فیروز خان کے ساتھ کام کے تجربے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’ فیروز خان کے ساتھ کام کرنے کا تجربہ بہت اچھا تھا، انہیں اپنے کام سے بہت لگاؤ ہے‘، جبکہ انجم شہزاد بھی بہترین ہدایت کار ہیں۔
خیال رہے کہ اداکارہ فیروز خان گزشتہ برس سے گھر یلو تنازعات میں گھرے ہوئے ہیں، ان کی سابق اہلیہ کی جانب سے تشدد کے الزامات عائد کئے جانے کے بعد کئی شوبز شخصیات نے بھی فیروز خان کے ساتھ کام کرنے سے انکار کر دیا اور کچھ نے ان کے ساتھ کام کرنے کے تجربے کو مایوس کن قرار دیا تھا۔
گھر یلو تنازعات کے باعث اداکار نے شوبز انڈسٹری سے کنارہ کشی اختیار کی ہوئی تھی تاہم ان کے پرستاروں نے ان کا ساتھ نہ چھوڑا اور اب ایک بار پھر ڈرامہ سیریل ’اکھاڑا‘ اور ’خمار‘ کے ساتھ اداکار چھوٹے پردے پر واپس آںے کے لئے تیار ہیں۔