• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چینی مہنگی ہونے کا ذمے دار نوید قمر کو قرار دینا درست نہیں، عطا تارڑ

مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما عطا اللّٰہ تارڑ نے چینی کی قیمت میں حالیہ اضافے پر سابق وزیر تجارت نوید قمر کو کلین چٹ دے دی۔

جیو نیوز کے پروگرام کیپٹل ٹاک میں گفتگو کے دوران عطا تارڑ نے کہا کہ چینی کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کا ذمے دار سابق وزیر تجارت نوید قمر کو قرار دینا درست نہیں۔

انہوں نے کہاکہ چینی کی برآمد اور قیمتیں بڑھانے کا فیصلہ کابینہ کا تھا کسی ایک وزیر پر ڈالنے سے اتفاق نہیں کرتا۔

عطا تارڑ نے مزید کہا کہ یہ ضرور تھا کہ ایک پارٹی چینی کی ایکسپورٹ کےلیے زیادہ فعال تھی، چینی برآمدات کا فیصلہ غلط نہیں تھا بعد میں بدانتظامی کے باعث اسمگلنگ ہوئی۔

ان کا کہنا تھا کہ چینی بحران سے متعلق پنجاب حکومت کا دو ججز پر ذمے داری ڈالنا مناسب نہیں، یہ انتظامی معاملہ ہے اس میں عدلیہ کو شامل نہیں کرنا چاہیے۔

ن لیگی رہنما نے یہ بھی کہا کہ چینی کی قیمت کو کنٹرول کرنا حکومت کی ذمے داری ہے، قیمتیں بڑھنا سسٹم کی بد انتظامی ہے۔

انہوں نے کہا کہ چار سال کا ملبہ 16 ماہ میں صاف نہیں ہوسکتا تھا، 4 سال میں ایک اینٹ نہیں لگی جبکہ سی پیک منصوبے کو سست کیا گیا۔

عطا تارڑ نے کہا کہ نیب ترامیم کو اڑایا جاتا ہے تو بلین ٹری، مالم جبہ، 190 ملین پاؤنڈ کے کیس میں جان آجائے گی، بلین ٹری، مالم جبہ اور دیگر کیس میں لاڈلا اگلے 5 یا 6 سال تک باہر آتا نظر نہیں آتا۔

ان کا کہنا تھا کہ احد چیمہ نے 3 سال قید کاٹی، عدلیہ ضمانت دینے کو تیار نہ تھی، ماضی میں عدلیہ کو احد چیمہ کا کیس کیوں نظر نہیں آیا؟

ن لیگی رہنما نے کہا کہ میں نہیں جانتا پرویز الہٰی کو کس کیس میں گرفتار کیا گیا ہے، عدلیہ کو اپنے آپ کو نیوٹرل ہوکر محاذ آرائی کو ختم کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ عدلیہ میں سالوں سے کئی مقدمات زیر التوا ہیں لیکن یہاں فیس دیکھ کر کیس لگتے ہیں، ن لیگی رہنماؤں کے تمام کیسز میرٹ پر ختم ہوئے۔

عطا تارڑ نے کہا کہ شہباز شریف پر آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم اور اثاثوں سے متعلق کیس میرٹ پر ختم ہوا۔ شہبازشریف پر صرف ایک کیس جو گندے نالے کا تھا نئے نیب قانون کی وجہ سے ختم ہوا، نواز شریف پر چوہدری شوگر مل کا ریفرنس عدم ثبوت پر آج تک دائر ہی نہیں ہوسکا۔

قومی خبریں سے مزید