کراچی کے علاقے سرجانی ٹاؤن میں بجلی کنڈا مافیا کے کارندوں کی فائرنگ سے جماعت اسلامی کا کونسلر جاں بحق ہوگیا، مقتول کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی، پولیس نے 6 نامزد ملزمان سمیت دیگر کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔
سرجانی ٹاؤن سیکٹر فور بی میں کنڈا مافیا کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے یوسی کونسلر حبیب کی نماز جنازہ مقامی مسجد میں ادا کر دی گئی۔
نماز جنازہ جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے پڑھائی، انہوں نے ڈی جی رینجرز اور آئی جی سندھ سے ملزمان کی گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔
سرجانی ٹاؤن یونین کمیٹی کے چیئرمین امید علی قاضی نے کہا کہ بجلی کا قانونی حصول اہل علاقہ کا دیرینہ مسئلہ تھا جسے کنڈا مافیا کے افراد حل نہیں ہونے دے رہے۔
فائرنگ میں زخمی ہونے والے زید کو مافیا کے کارندوں نے اغوا کر کے تشدد کا نشانہ بھی بنایا۔
واردات کا مقدمہ مقتول حبیب کے بیٹے کی مدعیت میں 6 نامزد ملزمان سمیت دیگر کے خلاف درج کر لیا گیا ہے۔