• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
فوٹو بشکریہ سوشل میڈیا
فوٹو بشکریہ سوشل میڈیا 

بھارت میں بنگلے کی فروخت کی مخالفت کرنے پر سپریم کورٹ کی خاتون وکیل کو شوہر نے قتل کر دیا۔

بھارتی ویب سائٹ ’این ڈی ٹی وی‘ کے مطابق سپریم کورٹ کی وکیل رینو سنہا کی لاش ہفتے کے روز، نوئیڈا میں واقع اِن کے بنگلے کے باتھ روم سے ملی تھی۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق 61 سالہ وکیل کے شوہر کو مبینہ طور پر اہلیہ، رینو سنہا کو قتل کرنے کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔

نوئیڈا پولیس کے مطابق خاتون وکیل کے شوہر، نتن ناتھ سنہا مبینہ طور پر بنگلے کے اسٹور روم میں گزشتہ 36 گھنٹے سے چھپے ہوئے تھے، ملزم کا فون ٹریک کر کے گھر ہی سے گرفتار کر لیا گیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سپریم کورٹ کی وکیل، رینو سنہا نوئیڈا میں واقع اپنے بنگلے میں شوہر کے ساتھ رہ رہی تھیں جب کہ اِن کا بیٹا بیرون ملک مقیم تھا۔

خاتون وکیل کے بھائی نے دو دن تک  بہن کی جانب سے کالز کا جواب نہ دینے پر پولیس کو آگاہ کیا تھا، بنگلے پر پہنچ کر پولیس کو خاتون کی لاش ملی جبکہ اِن کا شوہر لاپتہ تھا۔

پولیس نے نتن ناتھ سنہا کے فون کو ٹریک کیا اور آخری لوکیشن ان کا بنگلہ ہی تھا، بعد ازاں پولیس نے ملزم کو اسٹور روم میں چھپا ہوا پایا اور اسے گرفتار کر لیا۔

 پولیس کے مطابق خاتون وکیل کے قتل کی وجہ جوڑے کے درمیان اپنا بنگلہ بیچنے پر اختلاف تھا۔

پولیس کے مطابق  نتن ناتھ سنہا جائیداد فروخت کرنا چاہتے تھے اور انہوں نے ممکنہ خریدار سے ٹوکن رقم بھی وصول کر لی تھی۔

دوسری جانب مقتول خاتون وکیل بنگلہ بیچنے کو تیار نہیں تھیں اور اسی بنا پر اس جوڑے میں اکثر اوقات جھگڑے بھی رہتے تھے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید