نگراں وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) و ٹیلی کمیونیکیشن ڈاکٹر عمر سیف نے کہا ہے کہ امریکا میں مقیم پاکستانی تارکین وطن کی جانب سے سرمایہ کاری کا حجم بڑھا کر ایک ارب ڈالرز کا ہندسہ عبور کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہے ہیں۔
انہوں نے یہ بات جمعرات کو امریکی امدادی ادارے یو ایس ایڈ مشن کے اعلیٰ سطح کے وفد سے ملاقات کے دوران کہی۔
ان کا کہنا تھا کہ اس ضمن میں یو ایس ایڈ کی پاکستان میں سرمایہ کاری کے حوالے سے کاوشوں کو مکمل تعاون فراہم کریں گے۔
مشن ڈائریکٹر کیٹ سوم وونگسری کی قیادت میں سینئر ایڈوائزر کنول بخاری اور جان لیتوین وفد میں شامل تھے۔
ملاقات میں امریکی کمپنیوں کی پاکستان میں سرمایہ کاری سے متعلق اہم معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
نگراں وزیر آئی ٹی ڈاکٹر عمر سیف نے یو ایس ایڈ مشن کو بتایا کہ حکومتی معاونت سے عالمی سرمایہ کاروں کیلئے وینچر کیپیٹل فنڈ قائم کیا جارہا ہے، فنڈ سے اسٹارٹ اپس کیلئے ایک ارب ڈالرز سرمایہ کاری یقینی بنائی جاسکے گی۔
انہوں نے کہا کہ آئی ٹی انڈسٹری کو 100 فیصد ڈالرز رکھنے، لانے اور لے جانے میں درپیش رکاوٹیں دُور کر رہے ہیں، اس طرح انڈسٹری کے لوگ جیسے جیسے بیرون ممالک سے اپنے اکاؤنٹس پاکستان منتقل کریں گے، پاکستان میں معاشی استحکام اور سرمایہ کاری کیلئے ماحول مستحکم ہوتا جائے گا۔
ڈاکٹر عمر سیف کا کہنا تھا کہ پاکستان کے انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن سیکٹر میں امریکا میں مقیم پاکستانیوں سمیت عالمی سرمایہ کاری کیلئے راہ ہموار ہے، نگراں حکومت کی ترجیحات میں سرمایہ کاری کے مواقع زیادہ سے زیادہ بڑھانے اور عالمی کمپنیوں کو مراعات و سہولتوں کی فراہمی شامل ہے۔
انہوں نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے عنوان سے امریکا میں نومبر میں ہونے والی کانفرنس کے حوالے سے کہا کہ پاکستانی نژاد کمپنیاں زیادہ سے زیادہ تعداد میں اس ایونٹ میں شرکت کرنے اور پاکستان میں سرمایہ کاری کی خواہشمند ہیں۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے یو ایس ایڈ کی مشن ڈائریکٹر کیٹ سوم وونگسری کا کہنا تھا کہ شک نہیں پاکستان آئی ٹی و ٹیلی کام کی ایک بڑی اور پُرکشش مارکیٹ ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری بھرپور کوشش ہے کہ امریکی سرمایہ کاروں اور پاکستانی کمپنیوں کے مابین اشتراک عمل بڑھایا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم یو ایس ایڈ کے زیر اہتمام رواں سال نومبر میں امریکا میں ہونے والی سرمایہ کاری کانفرنس سے بہت پُرامید ہیں۔
ملاقات کے دوران یو ایس ایڈ مشن ڈائریکٹر نے نگراں وزیر آئی ٹی کو امریکا میں ہونے والی سرمایہ کاری کانفرنس میں شرکت کی خصوصی دعوت دی۔