پاکستان مسلم لیگ (ن) جاپان کے صدر ملک نور اعوان نے کہا ہے کہ چاہے کتنے ہی قانون بنائیں یا بدلے جائیں، نواز شریف کو وزیراعظم کی کرسی تک پہنچنے سے کوئی نہیں روک سکتا۔
یہ بات ن لیگ جاپان کے صدر نے پارٹی کی کور کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
اجلاس کے دوران ملک نور اعوان نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کے خلاف جتنے بھی مقدمات بنا لیے جائیں، قوم کو کوئی فرق نہیں پڑتا کیونکہ قوم جانتی ہے کہ نواز شریف ایماندار اور بےقصور ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ سابق وزیراعظم پاکستان کے خلاف انتقامی کارروائی میں جھوٹے مقدمات قائم کیے جاتے رہے ہیں جس میں وہ ہمیشہ ہی باعزت بری ہوئے ہیں۔
ملک نور اعوان کا کہنا تھا کہ اگلے ماہ نواز شریف کی واپسی ہوگی اور ان کا تاریخی استقبال ہوگا جس کےلیے مریم نواز شریف تیاریاں کر رہی ہیں۔
اس موقع پر ن لیگ جاپان کے چیئرمین ملک یونس نے کہا کہ اگلی حکومت مسلم لیگ (ن) کی ہوگی۔
ملک یونس نے سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم کو اسحاق ڈار کا شکر گزار ہونا چاہیے جن کی انتھک محنت سے پاکستان نا صرف ڈیفالٹ سے بچا بلکہ معاشی طور پر بہتری کی جانب بھی گامزن ہے۔
چیئرمین ن لیگ جاپان نے کہا کہ ماضی کی طرح اس مرتبہ بھی نواز شریف اپنی ٹیم کے ساتھ مل کر پاکستان کو معاشی ترقی کے سفر پر گامزن کرنے کے لیے پاکستان واپس آرہے ہیں۔