مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ عوام پاناما اور اقامہ کے ڈرامہ سازوں کو ہمیشہ کےلیے دفن کردیں گے۔
لاہور کے مقامی ہوٹل میں مریم نواز کی زیر صدارت ن لیگ پنجاب کا مشاورتی اجلاس ہوا۔
اجلاس میں حمزہ شہباز، احسن اقبال، رانا ثناء اللّٰہ سمیت دیگر رہنماؤں نے شرکت کی جبکہ پارٹی قائد نواز شریف ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔
ن لیگی چیف آرگنائزر نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی وطن واپسی سے متعلق تیاریوں پر بریفنگ دی۔
مریم نواز نے کہا کہ مرکزی سیکریٹریٹ میں مرکزی فیسیلیٹیشن کنٹرول سینٹرقائم کردیا گیا ہے، جو نواز شریف کے استقبال کےلیے مرکزی کردار ادا کرے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ 21 اکتوبر کو عوام نواز شریف کا تاریخ استقبال کرکے پاناما اور اقامہ کے ڈرامہ سازوں کو ہمیشہ کےلیے دفن کردیں گے۔
حمزہ شہباز نے دوران تقریب کہا کہ نواز شریف نے زخم کھا کر بھی پاکستان کے زخموں پر مرہم رکھا ہے، ن لیگی قائد ہی نے اسے ایٹمی ملک بنایا ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ نواز شریف کو وزیراعظم بناکر عوام اپنے بچوں کا مستقبل محفوظ بنائیں گے۔
حمزہ شہباز نے کہا کہ نواز شریف کے وزیراعظم بننے کا مطلب مہنگائی کا عذاب کم کرنا ہے، ن لیگی قائد کا استقبا ل کرکے ترقی اور خوشحالی کو خوش آمدید کہیں گے۔