پاکستان اسٹاک ایکسچینج(PSX) نے ایک بار پھر بہترین اسلامک اسٹاک ایکسچینج کا ایوارڈ جیت لیا۔
گلوبل اسلامک فنانس ایوارڈز (GIFA) کی جانب سے پاکستان اسٹاک ایکسچینج (PSX) کو مسلسل تیسری بار بہترین اسلامک اسٹاک ایکسچینج ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔
گلوبل اسلامک فنانس ایوارڈز (GIFA) بین الاقوامی سطح پر شہرت رکھنے والا پلیٹ فارم ہے جس کا آغاز 2011ء میں کیا گیا تھا اور یہ اس وقت سے اب تک اسلامی بینکاری اور فنانس میں بہترین کارکردگی سراہنے کے لیے ایوارڈز جاری کر رہا ہے۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق، اس ادارے کے قیام سے لے کر اب تک یہ ایوارڈز ’دنیا بھر میں ان افراد، اداروں اور سرکاری محکموں کو پیش کیے جاتے رہے ہیں جنہوں نے اسلامی بینکاری اور فنانس کو فروغ دینے اور سماجی ذمہ داری کے عزم کے لیے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا‘۔
بیان میں پی ایس ایکس کے ایم ڈی اور سی ای او فرخ ایچ خان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ہمیں اس بات پر بہت فخر ہے کہ اسے گلوبل اسلامک فنانس ایوارڈز کی جانب سے مسلسل تیسرے سال گلوبل اسلامک فنانس ایوارڈ دیا گیا ہے۔
بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ ہمیں اسلامی مالیاتی مصنوعات، پیشکشوں اور ریگولیٹری اضافے پر ہمارے عزم کو تسلیم کرتے ہوئے گلوبل اسلامک فنانس ایوارڈز (GIFA) کی طرف سے ایوارڈ دیا گیا ہے۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی جانب سے بیان کے آخر میں گلوبل اسلامک فنانس ایوارڈز (GIFA) کا ایوارڈ سے نوازنے پر شکریہ بھی ادا کیا گیا۔