آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں’پاکستان تھیٹر فیسٹیول‘ کے گیارہویں روز اجوکا تھیٹر گروپ نے پاک بھارت جنگ کے بعد ہونے والے واقعات کے تناظر میں ایک دلچسپ ڈرامہ پیش کیا۔
اجوکا تھیٹر گروپ کی جانب سے’پاکستان تھیٹر فیسٹیول‘ میں پنجابی زبان میں پیش کیے گئے ڈرامے کا عنوان’انھی مائی داسُفنہ‘ ہے۔
اس ڈرامے کے ڈائریکٹر و رائٹر شاہد ندیم تھے جبکہ ڈرامے کی کاسٹ میں نسیم عباس، عثمان، رضیہ، ملک قیصر، عثمان ضیاء، بلال مغل، شہزاد صادق، رضوان ریاض، مدثر، رانیہ محسن، حیفہ شامل تھے۔
یہ ڈرامہ 1947ءکی تباہ کن تقسیم کی سچی کہانیوں میں سے ایک متاثر کن کہانی تھی، اسے پاک بھارت جنگ کے بعد ہونے والے انسانیت سوز واقعات کے تناظر میں ترتیب دیا گیا۔
اس ڈرامے میں ایک نابینا عورت اور ایک بزرگ رنگ ساز کی کہانی بتائی گئی جو تقسیم کے وقت اپنے پیاروں سے بچھڑ گئے تھے اور اب صرف خوابوں میں ہی سرحد پار کرکے اپنے وطن کی سیر کرتے ہیں۔
صرف اتنا ہی نہیں بلکہ ڈرامے میں موسیقی کے لائیو تڑکے سے بھی شائقین خوب لطف اندوز ہوئے۔
تھیٹر میں شائقین نے ڈرامہ دیکھنے کے لیے بڑی تعداد میں شرکت کی اور فنکاروں کی زبردست پرفارمنس کو خوب سراہا۔