پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر و سابق کپتان شاہد آفریدی نے اپنی دوسری بیٹی کو رخصت کیا تو اس موقع پر جہاں ان کے عزیز و اقارب اور ساتھی کرکٹرز نے بیٹی کی رخصتی میں شرکت کی وہیں شوبز انڈسٹری کی معروف شخصیات بھی پیش پیش رہیں۔
شاہد آفریدی کی دوسری بیٹی انشا آفریدی کی رخصتی کراچی کے علاقے ڈیفنس میں واقع مقامی ہال میں ہوئی، جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والوں نے شرکت کی اور اپنی دعاؤں کے سائے میں انشا کو کھلاڑی شاہین شاہ آفریدی کے ہمراہ رخصت کیا۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی تصاویر سے معلوم ہوتا ہے کہ انشا شاہ کی رسم رخصتی کی پُر وقار تقریب میں شوبز انڈسٹری کی شخصیات نے بھی بھر پور شرکت کی۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فام انسٹاگرام پر اداکارہ و پروڈیوسر جویریہ سعود نے شادی کی تقریب سے اسٹوری شیئر کی۔
اداکارہ کو ساتھی اداکارہ شائستہ لودھی اور سویرہ پاشا کے ہمراہ دیکھا جاسکتا ہے۔
انسٹاگرام پر اداکار و میزبان فہد مصطفیٰ نے بھی دولہے میاں شاہین شاہ آفریدی کے ہمراہ تصویر شیئر کی، دونوں کےلبوں پر مسکراہٹ نظر آ رہی تھی۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابق ٹوئٹر) پر جیو نیوز کے پروگرام ’جیو پاکستان‘ کے میزبان عبد اللہ سلطان بھی انشا آفریدی کی تقریب رسم رخصتی میں شریک ہوئے۔
اس کے علاوہ وائرل ہونے والی تصاویر میں اداکار و پروڈیوسر ہمایوں سعید، اداکار عدنان صدیقی اور اعجاز اسلم ، گلوکار جنید خان سمیت دیگر نے شرکت کی۔