• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران خان کے بیٹوں کا سیاست میں آنے کا بیان؟ وائرل کلپ کی حقیقت سامنے آگئی

فوٹو —  اسکرین گریب
فوٹو —  اسکرین گریب

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کے بیٹوں قاسم اور سلیمان کے انٹرویو کی وائرل ویڈیو کی حقیقت سامنے آگئی۔

سوشل میڈیا پر وائرل ایک ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بانیٔ پی ٹی آئی کے بیٹے قاسم خان نے انٹرویو کے دوران ایک سوال کے جواب میں یہ کہا کہ میں نے سنا ہے کہ ہمارے والد کو قتل کیا جا سکتا ہے، اگر ایسا ہوتا ہے تو میں اور میرا بھائی سلیمان خان پاکستان جائیں گے اور اپنے والد کا بدلہ لینے کے لیے سیاست میں قدم رکھیں گے۔

عمران خان کے بیٹوں کے انٹرویو کی یہ ویڈیو گزشتہ روز سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی جسے دیکھ کر بہت سے لوگوں کو حیرانی ہوئی اور پھر مختصر تحقیق کے بعد ہی اس وائرل ویڈیو کی حقیقت سامنے آگئی۔

دراصل، اس ویڈیو کو قاسم اور سلیمان کے اسکائے نیوز کو دیے گئے ایک حالیہ انٹرویو میں اے آئی ٹیکنالوجی کی مدد سے کچھ تبدیلیاں کر کے بنایا گیا ہے یعنی یہ اصلی نہیں بلکہ ایڈیٹ کی ہوئی ویڈیو ہے۔

بانیٔ پی ٹی آئی کے دونوں بیٹوں نے اپنے اصل انٹرویو میں سیاست میں قدم رکھنے یا اپنے والد کا بدلہ لینے کے بارے میں کوئی بات نہیں کی۔

اسکائی نیوز کی صحافی یلدا حکیم نے انٹرویو کے دوران جب یہ سوال پوچھا کہ جب آپ کا پاکستان جانا ہوا تو عمران خان سے مل کر آپ اُنہیں کیا مشورہ دیں گے، کیا آپ انہیں کوئی ڈیل کرنے پر غور کرنے کا کہیں گے؟

اس سوال کا جواب دیتے ہوئے بانئ پی ٹی آئی کے بیٹے قاسم خان نے کہا کہ آپ کو سب سے پہلے یہ سمجھنا ہوگا کہ پاکستان کو کرپشن جیسے مسئلے سے نجات دلانا میرے والد کا مقصد ہے۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ اگر میرے والد کوئی ڈیل کر کے ہمارے پاس آ جائیں اور انگلینڈ میں رہنے لگیں تو میرے والد کے دل میں یہ احساس رہے گا کہ انہوں نے اپنے ملک کو اس کے حال پر چھوڑ دیا اور وہ افسردہ ہو جائیں گے۔

قاسم خان نے یہ بھی کہا کہ اگرچہ ہم چاہتے ہیں کہ وہ ہمارے پاس رہیں اور یہاں ہمارے کرکٹ یا فٹبال میچ دیکھیں مگر ان کی زندگی کا مقصد اس سے کہیں بڑا ہے اور ہمیں اس کا احترام کرنا چاہیے۔

اس حوالے سے اسکائے نیوز کی صحافی یلدا حکیم نے اپنے شو میں میٹا اوور سائیٹ بورڈ کی رکن نگہت داد سے بات کی اور اسے سوشل میڈیا ویب سائٹ ایکس پر شیئر بھی کیا ہے۔

اُنہوں نے اپنی پوسٹ کے کیپشن میں لکھا کہ عمران خان کے بیٹوں کے ساتھ میرے انٹرویو کے بعد سوشل میڈیا پر اے آئی کی مدد سے تیار کردہ کئی جعلی ویڈیوز گردش کر رہی ہیں۔ 

یاد رہے کہ اس سے قبل یلدا حکیم نے عمران خان کی بہنوں کا انٹرویو لیا تھا اور اس انٹرویو کے بھی اے آئی کی مدد سے ایڈٹ کیے ہوئے ویڈیو کلپس سوشل میڈیا پر وائرل ہوئے تھے۔

خاص رپورٹ سے مزید