• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چیف جسٹس کو ملاقات میں اہم مسائل بتادیے ہیں، وائس چیئرمین پاکستان بار کونسل

پاکستان بار کونسل کے وائس چیئرمین ہارون الرشید نے کہا ہے کہ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ سے ملاقات میں اہم مسائل بتائے ہیں۔

اسلام آباد چیئرمین ایگزیکٹیو کمیٹی حسن رضا پاشا کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو میں ہارون الرشید نے کہا کہ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ سے سپریم کورٹ بار اور پاکستان بار کےحکام کی ملاقات ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے پہلے سے اپنے معاملات اور مسائل پر گزارشات پیش کردی تھیں، ہم نے عوام کے مقدمات سے متعلق بتایا۔

وائس چیئرمین پاکستان بار کونسل نے مزید کہا کہ ہم نے بتایا کہ جلد سماعت کے مقدمات کو بھی مقرر نہیں کیا جا رہا ،چیف جسٹس نےہماری گزارشات سنی اور کہا کہ ان پرفیصلہ کریں گے۔

اس موقع پر چیئرمین ایگزیکٹیو کمیٹی حسن رضا پاشا نے میڈیا کو بتایا کہ آج تاریخی دن ہے، نئے چیف جسٹس نے بار کونسل کے منتخب نمائندوں سے ملنے کی خواہش کی۔

انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس پاکستان نے ایک کمیٹی تشکیل دی ہے، جس میں سپریم کورٹ کے ججز، پاکستان بار، سپریم کورٹ بار کے نمائندے شامل ہوں گے۔

چیئرمین ایگزیکٹیو کمیٹی نے مزید کہا کہ جلد کمیٹی کا اجلاس ہوگا، چیف جسٹس نے کہا کہ وہ جاتے وقت بتائیں گے ہماری تجاویز پر کتنا عمل ہوا۔

اُن کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ میں کیسز کے تقرر کا ایک میکنزم جلد نظر آئےگا، سپریم کورٹ ایک ٹھوس پالیسی بنائے گی، جس پر چیف جسٹس کی ریٹائرمنٹ کے بعد بھی عمل ہوگا۔

حسن رضا پاشا نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کے عوام کےلیے پیغام ہے سپریم کورٹ آپ کے مسائل کو حل کرنے کےلیے مستعد ہے۔

انہوں نے کہا کہ بہت سی ہماری تجاویز ایسی تھیں جن پر چیف جسٹس نے آمادگی کا اظہار کیا، سپریم کورٹ بار اور پاکستان بار نے الگ الگ تجاویز دیں جو 70 سے 89 فیصد ایک جیسی تھیں۔

چیئرمین ایگزیکٹیو کمیٹی نے کہا کہ حصول انصاف کے لیے بار کونسلز متحد ہیں، ہمارے سامنے جو 2 ججز تھے ان کا آپس میں مکمل اتفاق ہے۔

حسن رضا پاشا کا کہنا تھا کہ اجلاس میں انتخابات اور سیاسی مقدمات کے بارے کوئی بات نہیں ہوئی۔

قومی خبریں سے مزید