پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما بیرسٹر گوہر خان نے نواز شریف کی وطن واپسی کو ڈیل کا حصہ قرار دے دیا۔
جیو نیوز کے پروگرام کیپٹل ٹاک میں گفتگو کے دوران بیرسٹر گوہر خان نے کہا کہ نواز شریف کا بیانیہ ڈیل کا حصہ ہے وہ کوئی اور ڈیل کرکے آرہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 16 ماہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ اکٹھے رہے اور آج یہ عوام کو دھوکا دے رہے ہیں۔
پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ جو پریس کانفرنس کرتے ہیں بے گناہ ہوجاتے ہیں اور جو نہیں کرتے تو پرویز الہیٰ کی طرح 14ویں مرتبہ جیل چلے جاتے ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ میاں صاحب نے اگر کسی کو کیفر کردار تک پہنچانا ہے تو کیا اس پر پولیس زیادتیاں نہیں کر رہی ہے؟
بیرسٹر گوہر خان نے کہا کہ اٹک جیل سے کنفرم ہوچکا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی صرف ایک کیس میں اریسٹ ہیں، 9 مئی کے کیسز میں جتنے دفعات لگائے گئے ہیں وہ غلط ہیں، امید ہے اگلے ہفتے چیئرمین پی ٹی آئی کو ضمانت مل جائے گی۔
پی ٹی آئی رہنما نے یہ بھی کہا کہ پرامید ہیں کہ نئے چیف جسٹس وقت پر الیکشن کرانے میں اپنا کردار ادا کریں گے، عام انتخابات کرانا جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کےلیے ایک چیلنج ہے۔