• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نواز شریف جیل کی دیواریں توڑ کر نہیں حکومتی اجازت سے باہر گئے، واپسی پر قانون کے مطابق سب ہوگا، مرتضیٰ سولنگی

فائل فوٹو
فائل فوٹو

نگراں وزیرِ اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ نواز شریف جیل کی دیواریں توڑ کر نہیں بلکہ حکومت کی اجازت سے باہر گئے تھے، جب واپس آئیں گے تو آئین اور قانون کے مطابق سب ہوگا۔

مرتضیٰ سولنگی نے کراچی پریس کلب کے عہدیداران سے ملاقات کی، اس دوران صحافیوں نے اپنے مسائل سے نگراں وزیرِ اطلاعات کو آگاہ کیا۔

اس موقع پر انہوں نے کہا کہ نواز شریف حفاظتی ضمانت لے کر آئیں یا عدالت کا دروازہ کھٹکھٹائیں گے، جواب میں نہیں دے سکتا، چیئرمین پی ٹی آئی کے نام لینے پر کوئی پابندی نہیں ہے۔

مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ عام انتخابات کے انعقاد کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے، الیکشن کمیشن ایک آزاد اور با اختیار ادارہ ہے، امید ہے انتخابات کی حتمی تاریخ کا اعلان بھی جلد کیا جائے گا۔

’کچھ لوگوں کے ذہنوں میں الجھن پر ہمارے نہیں‘

انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت کی مدت کم ہے لیکن ہم ایک آئینی حکومت ہیں، کچھ لوگوں کے ذہنوں میں ماضی کے تجربات پر الیکشن سے متعلق الجھن ہے لیکن ہماری حکومت میں کوئی الجھن نہیں ہے، ہم الیکشن کمیشن کی ساری ضروریات پوری کریں گے۔

’تمام رجسٹرڈ سیاسی جماعتوں کو مواقع دینگے‘

نگراں وزیرِ اطلاعات نے کہا کہ ملک کی تمام رجسٹرڈ سیاسی جماعتوں کو یکساں مواقع فراہم کیے جائیں گے، ہمیں اپنی آئینی ذمے داری پوری کرنی ہے، 30 نومبر کو حلقہ بندیوں کی حتمی فہرست دے دی جائے گی، الیکشن کرانا الیکشن کمیشن کی ذمے داری ہے۔

انہوں نے کہا کہ کسی کو لگتا ہے کہ الیکشن کمیشن کوئی غیر قانونی کام کر رہا ہے تو عدالتیں کھلی ہیں، ہمارا محدود اختیار اور محدود حکومت ہے۔

’کوشش ہے پیٹرول کی قیمت بھی کم کریں‘

مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ ایسا انتظام ہوتا کہ تیل کی پیداوار بڑھ جائے تو ہم پیٹرول کی قیمت کم کردیتے، جس طرح ڈالر کی قیمت کم کی ہے، کوشش ہے پیٹرول کی قیمت بھی کم کریں۔

نگراں وزیر نے کہا کہ بجلی کی چوری کی مد میں جو ادائیگیاں ہوئی ہیں وہ تقریباً 8 ارب روپے ہے، ہماری توجہ ملک کی معیشت میں استحکام لانے پر ہے۔

نگراں وزیرِ اطلاعات نے کہا کہ آزادی صحافت پر یقین رکھتے ہیں، کراچی پریس کلب میرا پرانا گھر ہے، آزادی اظہارِ رائے اور عوام کے حقوق کے لیے کراچی پریس کلب کا اہم کردار ہے۔

’آمریت کے خلاف کراچی پریس کلب ایک توانا آواز ہے‘

انہوں نے کہا کہ آمریت کے خلاف کراچی پریس کلب ایک توانا آواز ہے، ملکی سیاست میں بھی کراچی پریس کلب تاریخی اہمیت کا حامل ہے،صحافیوں کے مسائل کے حل کے لیے جو ممکن ہوا کریں گے، اپنے اختیارات کے مطابق ہر ممکن اقدامات کریں گے۔

مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ ملک میں الیکشن ہوں یا نہ ہوں کراچی پریس کلب میں ہمیشہ الیکشن ہوتے ہیں، جو اخبار سرکار سے اشتہار لے گا اور ملازمین کو تنخواہ نہیں دے گا اسے ہم اشتہار نہیں دیں گے، جو مسائل میرے سامنے لائے گئے ہیں انہیں حل کروں گا۔

قومی خبریں سے مزید