پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹرین (پی ٹی آئی۔پی) کے سربراہ پرویز خٹک نے کہا ہے کہ ہمیں ہمیشہ بے ایمان حکمران ملے ہیں۔
سوات کے علاقے خوازہ خلیہ میں اجتماع سے خطاب میں پرویز خٹک نے کہا کہ 2018ء میں پی ٹی آئی کو میری کارکردگی کی بنیاد پر الیکشن میں کامیابی ملی۔
انہوں نے کہا کہ ملک کے حالات بہتر بنانا وفاقی حکومت کا کام ہوتا ہے، اقتدار میں آکر یہ لوگ منشور بھول جاتے ہیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی پی نے مزید کہا کہ کبھی روٹی کپڑا مکان، کبھی دین، کبھی نئے پاکستان پر دھوکا دیا گیا، ہمیں ہمیشہ بے ایمان حکمران ملے ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ جنرل ایوب خان کے دور تک ہمارے ملک نے ترقی کی، ذوالفقار علی بھٹو کے دور کے بعد سے اب تک پاکستان زوال کی طرف جا رہا ہے۔
پرویز خٹک نے یہ بھی کہا کہ آج پاکستان کو قرض بھی سخت ترین شرائط لگا کر دیا جارہا ہے۔