• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بشریٰ بی بی کے سابق شوہر خاور مانیکا 8 روزہ جسمانی ریمانڈ پر اینٹی کرپشن کے حوالے

بشریٰ بی بی کے سابق شوہر خاور مانیکا—فائل فوٹو
بشریٰ بی بی کے سابق شوہر خاور مانیکا—فائل فوٹو

چیئرمین پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے سابق شوہر خاور مانیکا کو سینئر سول جج نے  8 روزہ جسمانی ریمانڈ پر اینٹی کرپشن کے حوالے کر دیا۔

خاور مانیکا کو محکمۂ اینٹی کرپشن نے سینئر سول جج اوکاڑہ  کی عدالت میں پیش کیا۔

سینئر سول جج نے کہا کہ خاور مانیکا کو 4 اکتوبر کو عدالت میں دوبارہ پیش کیا جائے۔

صحافی نے خاور مانیکا سے سوال کیا کہ کیا یہ سیاسی انتقام ہے؟

خاور مانیکا نے کہا کہ میرا سیاست سے کوئی تعلق نہیں، مجھے نہیں علم کیا ہے، بتائیں الزام ہیں کیا، کیا انہوں نے شادی ہال دیکھا ہے؟ ہم نے وہاں ایک دربار بنایا ہے، وہاں دکانیں 60 سال سے ہیں جو قبرستانوں سے ملحقہ ہوتی تھیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز اینٹی کرپشن نے چیئرمین پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے سابق شوہر خاور فرید مانیکا کو گرفتار کیا تھا۔

ترجمان اینٹی کرپشن کا کہنا تھا کہ خاور مانیکا کو سرکاری رقبے پر ناجائز تعمیرات کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ خاور مانیکا کے خلاف ڈپٹی کمشنر کے ریفرنس پر انکوائری کر رہے ہیں، ان پر قبرستان کی جگہ پر غیر قانونی شادی ہال تعمیر کرنے کا الزام ہے، انہوں نے قبرستان کی زمین پر غیر قانونی طور پر 26 دکانیں تعمیر کیں۔

اینٹی کرپشن کے ترجمان کے مطابق خاور فرید مانیکا ملک سے فرار ہونے کی کوشش کر رہے تھے کہ اینٹی کرپشن نے ان کی ملک سے فرار ہونے کی کوشش ناکام بنا کر انہیں گرفتار کر لیا۔

قومی خبریں سے مزید