• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بشریٰ بی بی کے سابق شوہر خاور مانیکا کا راہداری ریمانڈ منظور

 
خاور فرید مانیکا—فائل فوٹو
خاور فرید مانیکا—فائل فوٹو

اینٹی کرپشن نے چیئرمین پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے سابق شوہر خاور فرید مانیکا کو مجسٹریٹ کے روبرو پیش کر کے راہداری ریمانڈ لے لیا۔

اینٹی کرپشن لاہور کے حکام نے خاور مانیکا کو ضلع کچہری پیش کیا۔

جوڈیشل مجسٹریٹ نے اینٹی کرپشن حکام کی درخواست پر ایک دن کا راہداری ریمانڈ دیتے ہوئے کہا کہ خاور مانیکا کو کل تک متعلقہ عدالت میں پیش کریں۔

واضح رہے کہ آج اینٹی کرپشن نے چیئرمین پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے سابق شوہر خاور فرید مانیکا کو گرفتار کیا تھا۔

 ترجمان اینٹی کرپشن کا کہنا تھا کہ خاور مانیکا کو سرکاری رقبے پر ناجائز تعمیرات کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔

ترجمان نے بتایا تھا کہ خاور مانیکا کے خلاف ڈپٹی کمشنر کے ریفرنس پر انکوائری کر رہے ہیں، ان پر قبرستان کی جگہ پر غیر قانونی شادی ہال تعمیر کرنے کا الزام ہے، انہوں نے قبرستان کی زمین پر غیر قانونی طور پر 26 دکانیں تعمیر کیں۔

اینٹی کرپشن کے ترجمان کے مطابق خاور فرید مانیکا ملک سے فرار ہونے کی کوشش کر رہے تھے کہ اینٹی کرپشن نے ان کی ملک سے فرار ہونے کی کوشش ناکام بنا کر انہیں گرفتار کر لیا۔

دوسری جانب وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کا کہنا تھا کہ ایف آئی اے امیگریشن نے خاور مانیکا کو دبئی جاتے ہوئے روکا، وہ غیر ملکی ایئر لائن کے ذریعے دبئی جا رہے تھے۔

ایف آئی اے نے کہا تھا کہ خاور مانیکا کا نام ای سی ایل میں ہونے کی وجہ سے انہیں روکا گیا، خاور مانیکا دبئی جانے کے لیے لاہور ایئر پورٹ پر پہنچے تھے، ان کو اینٹی کرپشن ٹیم کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

قومی خبریں سے مزید