بین الاقوامی ہیلتھ ریگولیشن 2015 پر عملدرآمد کیلئے تمام فضائی کمپنیوں کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔
اس سلسلے میں نگراں وفاقی وزیر صحت جان محمد کی ہدایت پر ڈائریکٹر بارڈر ہیلتھ سروسز ڈاکٹر مرتضیٰ کی زیر صدارت اجلاس میں اہم فیصلے کیے گئے، جس میں تمام ایئرلائن کے نمائندے شریک ہوئے۔
اجلاس کے دوران ہدایات جاری کی گئیں کہ ہوائی جہاز لازمی طور ڈس انفیکٹ کیا جائے۔ ہوائی جہاز کے ڈس انفیکٹ سرٹیفکیٹ پر بارڈر ہیلتھ کے متعلقہ اہلکار اور پائلٹ کے دستخط ہونا لازمی قرار دیا گیا۔
اسی طرح یہ بھی ہدایت کی گئی کہ ڈس انفیکشن سرٹیفکیٹ ہوائی جہاز کی روانگی سے پہلے ہوائی اڈوں پر بارڈر ہیلتھ محکمہ کو جمع کروایا جائے۔ یہ بھی ہدایت دی گئی کہ کسی بیماری کی صورت میں مسافر کی پرسنل ہیلتھ ڈیکلریشن فارم بھی جمع کروانا لازمی ہوگا۔
ایئرپورٹس پر طیارے کی آمد پر ایئرلائن کو ہوائی جہاز کے فضلے کو مناسب طریقے سے ٹھکانے لگانے کو یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی۔
طیاروں کی ڈس انفیکشن کے لیے ایئرپورٹ ہیلتھ آفیسر، اسسٹنٹ ایئرپورٹ ہیلتھ آفیسر کے اچانک دورے کی ایئرلائنز کو سہولت فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی۔
اجلاس کے دوران ہدایت دی گئی کہ ایئرپورٹس ہیلتھ آفیسر اندرن و بیرون ملک کی پروازوں کی روانگی کے وقت فراہم کردہ خوراک، حفظان صحت اور سینیٹری کی صورتحال کا معائنہ کریں گے۔
تمام ایئرلائنز کو میڈیکل سرٹیفکیٹ اجرا کے لیے براہ راست درخواست بھیجنے کی بھی ہدایت کی گئی۔
تمام ایئر لائنز کو طبی مسائل سے متعلق ایئر کرافٹ ہیلتھ پالیسی شیئر کرنے کا مشورہ دیا گیا جبکہ بیرون ملک سے بے دخل مسافروں کا ڈیٹا محکمہ بارڈر ہیلتھ کے ساتھ شیئر کرنے کی بھی ہدایت کی گئی۔
پرواز روانگی کے وقت ایئرپورٹ ہیلتھ انسپکشن آفس میں جنرل ڈیکلریشن بھی جمع کروائے جانے کی ہدایت بھی جاری کی گئی۔