پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کی ون ڈے فارمیٹ میں نمبر ون پوزیشن برقرار ہے اور وہ اسی حیثیت کے ساتھ ورلڈ کپ میں داخل ہوں گے۔
آئی سی سی نے ون ڈے پلیئرز رینکنگ جاری کر دی جس کے مطابق بابر اعظم کی ون ڈے بیٹرز کی رینکنگ میں پہلی پوزیشن برقرار ہے تاہم بھارت کے شبمن گل اور بابر اعظم کے درمیان فاصلہ مزید کم ہو گیا ہے۔
بابر اعظم کے ریٹنگ پوائنٹس 857 برقرار ہیں جبکہ شبمن گل کے ریٹنگ پوائنٹس 814 سے بڑھ کر 847 ہو گئے ہیں۔
رینکنگ میں پاکستان کے امام الحق چوتھے سے پانچویں نمبر پر آ گئے ہیں جبکہ فخر زمان کا 10 واں نمبر ہے۔
ون ڈے بولرز کی رینکنگ میں بھارت کے محمد سراج کا پہلا نمبر برقرار ہے جبکہ آسٹریلیا کے جوش ہیزل ووڈ کا دوسرا نمبر ہے۔
افغانستان کے راشد خان چوتھے، نیوزی لینڈ کے ٹرینٹ بولٹ پانچویں اور پاکستان کے شاہین شاہ آفریدی رینکنگ میں 8 ویں نمبر پر موجود ہیں۔
ون ڈے آل راؤنڈرز میں بنگلا دیش کے شکیب الحسن کا پہلا نمبر برقرار ہے۔