• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بنگلادیش میں کامیابیوں کے بعد قومی جونیئر گالفرز کی لاہور واپسی

بنگلادیش میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی پاکستان کی قومی جونیئر گالف ٹیم وطن واپس پہنچ گئی۔ لاہور ایئرپورٹ پر پاکستان گالف فیڈریشن کے عہدیداروں نے کھلاڑیوں کا استقبال کیا۔

پاکستانی جونیئر گالفرز نے بنگلادیش جونیئر امیچور گالف چیمپئن شپ میں دو چیمپئن شپ ٹائٹلز اور ایک رنر اپ پوزیشن حاصل کرکے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

گرلز انڈر 15 کیٹیگری میں جنت عامر جامی نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے چیمپئن شپ ٹائٹل اپنے نام کیا جبکہ گرلز انڈر 19 میں نبیہہ نفیس نے کامیابی حاصل کی۔ اسی کیٹیگری میں عریبہ رضوان نے رنر اپ پوزیشن حاصل کی۔

پاکستان گالف فیڈریشن کے جونیئر ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت نوجوان گالفرز کو بین الاقوامی سطح پر کھیلنے اور اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔

بنگلادیش میں ہونے والی چیمپئن شپ بھی اسی پروگرام کا حصہ تھی جہاں پاکستانی کھلاڑیوں نے اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا۔

کامیاب گالفرز نے بنگلادیش میں حاصل ہونے والی کامیابی کو اپنے لیے اعزاز قرار دیتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی مقابلوں میں شرکت سے کھیل کو مزید بہتر بنانے اور تجربہ حاصل کرنے میں مدد ملتی ہے۔

ٹیم کی منیجر تہمینہ علی کا کہنا تھا کہ پاکستان میں جونیئر سطح پر ٹیلنٹ موجود ہے تاہم نوجوان کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے کے لیے انہیں زیادہ سے زیادہ قومی اور بین الاقوامی مقابلوں میں شرکت کے مواقع فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید