پاکستانی قومی کرکٹ ٹیم آئی سی سی ورلڈ کپ 2023ء کھیلنے کے لیے گزشتہ شب بھارت کے شہر حیدر آباد پہنچی تو ٹیم کا والہانہ استقبال کیا گیا۔
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز میں باخوبی ملاحظہ کیا جا سکتا ہے کہ قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کی ایک جھلک کو دیکھنے کے لیے بے قرار بھارتی شہریوں کی بڑی تعداد نے سخت سیکیورٹی انتظامات کے باوجود راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایئر پورٹ کا رخ کیا۔
قومی شاہینوں کے مداحوں کی بڑی تعداد بابر الیون کی بھارتی سر زمین پر لینڈنگ سے قبل ہی ایئر پورٹ پر موجود تھی جو ٹیم کے پہنچتے ہی خوشی سے نہال ہو گئی۔
اس موقع پر صرف پاکستانی شاہینوں بالخصوص کپتان بابر اعظم کے مداحوں نے انہیں دیکھتے ہی ان کے نام کے نعرے بلند کر دیے۔
کسی نے بابر تو کسی نے رضوان کے نعرے لگائے، کوئی حارث رؤف کی اسمارٹنس کی داد دینے لگا تو کسی نے شاہین سے ایک نظر ملانے کی درخواست کر دی۔
صرف مداحوں نے ہی نہیں بلکہ سیکیورٹی پر مامور اہلکار بھی قومی ٹیم کی تصاویر و ویڈیو اور ان کے ہمراہ سیلفی بناتے نظر آئے۔
واضح رہے کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں نے آج حیدر آباد کے راجیو گاندھی اسٹیڈیم میں ٹریننگ کی۔
پاکستان ٹیم جمعے کو نیوزی لینڈ کے خلاف پہلا وارم اپ میچ کھیلے گی۔
آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستان ٹیم اپنی مہم کا آغاز 6 اکتوبر کو نیدر لینڈز کے خلاف میچ سے کرے گی۔