مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وزیر داخلہ رانا ثنا اللّٰہ نے کہا ہے کہ نواز شریف پاکستان کے مسائل کا واحد حل ہے۔
لاہور میں مسلم لیگ ن پنجاب کے ڈویژن اور اضلاع کے عہدیداروں کا اجلاس ہوا جس میں ن لیگ کے رہنماؤں نے شرکت کی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللّٰہ نے کہا کہ نواز شریف کو کام کرنے دیا جائے تو پاکستان سے مسائل لوڈشیڈنگ کی طرح ختم ہوجائیں گے، پاکستان اور عوام کو مسائل سے نجات کے لیے نواز شریف کی ضرورت ہے۔
شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ نواز شریف نے ہمیشہ پاکستان کو ترقی دی، ہر بار نواز شریف کو نہیں ترقی کے عمل کو روکا گیا۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی کوششوں سے چین نے سی پیک کی صورت پاکستان میں اربوں ڈالرز کی سرمایہ کاری کی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سعد رفیق نے کہا کہ نواز شریف کو حکومتی مدت پوری کرنے دی جاتی تو آج مہنگائی، بے روزگاری اور معاشی بدحالی نہ ہوتی۔
سعد رفیق کا کہنا ہے کہ عوام ہی نہیں دنیا بھی نواز شریف پر اعتماد کرتی ہے، قوم اور ملک کو ہمیشہ نیا وژن نواز شریف نے دیا، قوم اور سیاسی قیادت کو ہمیشہ انہوں نے ہی متحد کیا۔
سابق وفاقی وزیر مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے سوا پاکستان کو بحرانوں سے کوئی نہیں نکال سکتا، وہ ہی قوم کو متحد کر کے اسے ریلیف دے سکتے ہیں۔