اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) اور جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کو ملکی سیاست میں ہونا ہی نہیں چاہیے۔
فیصل آباد میں پریس کانفرنس کے دوران مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پاکستان نواز شریف کا اپنا ملک ہے، انہیں یہاں آنے اور سیاست کرنے کا حق ہے۔ نواز شریف کے پاکستان آنے پر انہیں خوش آمدید کہیں گے، ن لیگی قائد قانونی اور عدالتی معاملات پر اطمینان لے کر ہی واپس آرہے ہیں۔
جے یو آئی سربراہ نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں کسی بھی امیدوار کےلیے مہم چلانا مشکل ہے۔ ہمارے امیدواروں کےلیے تو عام انتخابات کی مہم چلانا ناممکن ہی ہوگیا ہے۔
مولانا فضل الرحمان نے یہ بھی کہا کہ تحریک انصاف کے نظریات، کارکردگی اور ایجنڈے پاکستان مخالف رہے ہیں، پی ٹی آئی کو تو ملکی سیاست میں ہونا ہی نہیں چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کرانا یا نہ کرانا الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کا کام ہے، جنوری میں فیصل آباد، میانوالی اور لاہور میں ووٹ ڈالے جاسکتے ہیں۔ جنوری میں ملک کے بالائی علاقوں کے لوگ اپنے علاقوں میں موجود ہی نہیں ہوں گے، ای سی پی کو ان چیزوں کو بھی دیکھنا ہوگا۔
اُن کا کہنا تھا کہ خضدار، شمالی بلوچستان، سوات، بٹگرام اور دیگر بالائی علاقوں کے لوگ نیچے آگئے ہیں، بالائی علاقوں کے مزید لوگ برف باری کے باعث میدانی علاقوں میں آجائیں گے۔