آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ دہشتگردی کو بیرونی ریاستی سرپرستوں کی پشت پناہی بھی حاصل ہے۔
مسلح افواج، انٹیلیجنس ایجنسیز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشتگردی کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق کوئٹہ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر آرمی چیف کو مستونگ اور ژوب میں حالیہ دہشتگرد حملوں پر بریفنگ دی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سپہ سالار نے کہا کہ 12 ربیع الاوّل کو دہشتگردی کے واقعات خوارج کے مذموم عزائم کو ظاہر کرتے ہیں۔
جنرل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کا مذہب اور نظریے سے کوئی تعلق نہیں، یہ دہشتگرد اور ان کے سہولت کار پاکستان اور اس کے عوام کے دشمن ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ریاست اور سیکیورٹی فورسز کو مضبوط قوم کی حمایت حاصل ہے، پاکستانی عوام نے دہشتگردوں کے نظریے اور ان کے پشت پناہوں کے پروپیگنڈے کو مسترد کر دیا ہے۔
کوئٹہ پہنچنے پر آرمی چیف کو مستونگ اور ژوب میں حالیہ دہشتگرد حملوں پر بریفنگ دی گئی، بریفنگ میں نگراں وفاقی وزیر داخلہ، وزیراعلیٰ بلوچستان، اہم صوبائی وزراء سمیت اعلیٰ سول و عسکری حکام بھی شریک تھے۔
آرمی چیف نے شہدا کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا، شرکاء نے مستونگ، ہنگو، ژوب کے شہداء کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی۔