کراچی(نیوزڈیسک)امریکی ریاست نیو یارک میں طوفانی بارشوں سے نظام زندگی درہم برہم ہوگیا جس کے بعد ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔امریکی میڈیا کے مطابق گزشتہ 5روز سے مسلسل ہونے والی بارشوں سے نیویارک کے مختلف حصے زیر آب آگئے۔ پانی کے ریلوں نے سڑکوں کو ندی نالوں میں تبدیل کر دیا۔ زیرزمین ٹرین کے نظام کو پانی بھرنے کے باعث بند کردیا گیا۔طوفانی بارشوں کے باعث سیکڑوں پروازیں منسوخ کردی گئیں اور تاخیر کا شکار ہوئیں جس کے نتیجے میں ہزاروں مسافر ائیرپورٹس پر پھنس گئے۔ نیویارک کے جان ایف کینیڈی ائیرپورٹ پر 3انچ سے زیادہ پانی کھڑا ہوگیا۔نیویارک میں مزید بارشوں کی پیش گوئی کے بعد ریاست میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔ حکام کا کہنا ہے کہ نیویارک کا انفرا اسٹرکچر اتنا زیادہ پانی ہینڈل نہیں کر پا رہا جس کی وجہ سے افراتفری ہے اور معمول کی زندگی مفلوج ہوگئی ہے۔